کوئٹہ
پاکستان کراٹے ٹیم کی جاپان میں منعقد ہونے والی ورلڈ کراٹے چمپئن شپ اور ورلڈ کراٹے ٹریننگ کیمپ میں شرکت ، بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کراٹے پلیئر معراج حسین نے سیکنڈ ڈان کے امتحان میںکامیابی حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا۔تفصیلات کے مطابق سینسی حسین علی چنگیزی کی قیادت میں جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کی چھے رکنی ٹیم جاپان سے واپس پاکستان پہنچ گئی۔ سینسی حسین علی چنگیزی ، سینسی نصراللہ ہزارہ، معراج حسین، غلام رضا، آیان حیدر اور محمد کمیل رضا پر مشتمل پاکستان کراٹے ٹیم نے پہلے مرحلے میں جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہونے والے چار روزہ ورلڈ کراٹے ٹریننگ کیمپ میں شرکت کی۔
اس کیمپ میں دنیا بھر سے بہترین کھلاڑیوں، انسٹریکٹروں اور ماسٹروں نے حصہ لیااس ٹریننگ کیمپ کے اختتام پر ڈان کے امتحانات منعقد ہوئے جس میں بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑی معراج حسین نے سیکنڈڈان کا امتحان پاس کرکے پاکستان کا نام روشن کیا۔دوسرے مرحلے میں جاپانی شہر تاکاساکی میں16ویں ورلڈ کراٹے چمپئن شپ منعقد ہوئی، جس میں 52 سے زائدممالک کے1800 سے زائد کھلاڑیوں، کوچز اورٹیکنیکل آفیشلز نے حصہ لیا۔ورلڈ کراٹے چمپئن شپ کے مقابلوں میں نوجوان پاکستانی نے بھر پور شرکت کی ۔پاکستانی کھلا ڑیوں نے 4 کمیتے کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ محمد کمیل رضا اپنی پہلی فائٹ آسٹریلیا کے کیون سے ہار گئے، معراج حسین نے اپنی پہلی فائٹ میں ارجنٹائن کے ٹامس نیلسن کو شکست دیکر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔تاہم نوجوان کھلاڑی دوسری فائٹ جنوبی افریقہ کے ٹرسٹان فیرس سے ہار گئے۔
نوجوان پلیئرآیان حیدر نے اپنی پہلی فائٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برازیل کے جواو ¿ تاویریا کو شکست دیکر ملک و قوم اور اپنے صوبے بلوچستان کانام روشن کیا۔جبکہ آیان اپنا دوسرا میچ ڈنمارک کے کیسنڈر میکلسن سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہار گئے۔پاکستان ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی نصر اللہ ہزارہ کومتحدہ عرب امارات( یو اے ای) کے جو لیلا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان ٹیم کے چند کھلاڑیوں اور ٹیکنیکل آفیشلز جاپان کے ویزے نہ ملنے کی وجہ سے عالمی مقابلوں میں شرکت سے محروم رہے۔وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر سینسی حسین علی چنگیزی نے کہا کہ پاکستان کراٹے ٹیم نے اپنی مدد آپ کے تحت ورلڈ کراٹے چمپئن شپ اور ورلڈ کراٹے ٹریننگ کیمپ میں شرکت کی جو ہمارے لیے بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے ،ورلڈ کراٹے ٹریننگ کیمپ اور عالمی چمپئن شپ میں شرکت کرکے ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے،ہمارے کھلاڑیوں نے اپنی بساط کے مطابق بہتر ین کھیل کا مظاہرہ کیا،اُمید ہے کہ آنے والے بین الاقوامی کراٹے ایونٹس میں ہمارے نوجوان کھلاڑی شاندار کارکردگی دکھا کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔