کوئٹہ:
صوبائی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خواتین کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے مختلف عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو این ویمن بلوچستان کی صوبائی سربراہ عائشہ ودود، پورٹ فولیو منیجر سمن احسان اور داؤد ننگیال کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں بلوچستان میں خواتین کو درپیش چیلنجز، ان کے حقوق اور خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کی ترقی کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تعلیم، صحت، روزگار اور معاشی مواقع کی فراہمی انتہائی اہم ہے۔ حکومت بلوچستان فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی شرکت یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ انہیں مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں اور پروگرامز پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ حکومت ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے۔خواتین کی بہبود کے لئے یو این ویمن کے کردار کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کو ایک محفوظ، خوشحال اور خودمختار ماحول فراہم کرنے کے لئے یو این ویمن اور دیگر شراکت داروں کا کردار قابل تعریف ہے اور حکومت بلوچستان ان اداروں کیساتھ مل کر صوبے کی خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔