مشکے؛
مشکے، ضلع آواران کی قابلِ فخر بیٹی ناول ثناء بلوچ دختر ڈاکٹر ثناء اللہ گزوزئی نے پاکستان کی مرکزی اعلیٰ سول سروسز (CSS) کے اسپیشل امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس گروپ (MLCG) میں اپنی جگہ بنائی ہے۔
یہ نہایت مسرت اور فخر کا مقام ہے کہ ناول ثناء بلوچ ضلع آواران کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے CSS کا امتحان کامیابی سے پاس کیا ہے۔ یہ عظیم کارنامہ نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ افتخار ہے۔
واضح رہے کہ ناول ثناء بلوچ نے حال ہی میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے تحت اسسٹنٹ کمشنر کے امتحان میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کی اس دوہری کامیابی نے علاقے کے عوام، اساتذہ، اور دوست احباب میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے اور ہر جانب سے انہیں مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔
ناول بلوچ نے اپنی محنت، عزم، اور حوصلے سے یہ ثابت کیا کہ اگر انسان خلوص نیت، محنت، اور لگن سے کام کرے، تو کوئی بھی خواب حقیقت بن سکتا ہے۔ ان کی یہ کامیابی ضلع آواران کے لیے مشعلِ راہ ہے اور علاقے کی دیگر طالبات کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔