کوئٹہ: دین محمد وطن پال سے
امن کی بحالی صرف حکومت، کسی ایک ادارے یا فرد کا فرض نہیں بلکہ معاشرے کے تمام افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ شہریوں کو آگاہی دینے ضرورت ہے کہ امن کی بحالی کیلئے اپنے ارد گرد کے ماحول میں مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھے ۔ ووٹ کے استعمال سے اُن لوگوں کا انتخاب کیا جائے جن کے ترجیحات میں عوامی مسائل شامل ہو۔ ووٹ کے استعمال سے تبدیلی نہ صرف ممکن ہے بلکہ ترقی کے سیڑھی کا پہلا زینہ ہے۔ خود احتسابی کا عمل ہر شخص کو شروع کرنا چاہیے۔ عام لوگوں کے مسائل اور اس کو حل کرنے میں مقامی حکومتوں کے نمائندوں پر سب سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں انڈیویجول لینڈ کے زیر اہتمام ایک روزہ ورکشاپ (ٹائون ہال میٹنگ) کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں طلبہ، سیاسی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں، مختلف سرکاری محکموں کے اہلکاروں، میڈیا اور سوشل میڈیا کے کارکنوں نے شرکت کیں۔ اس موقع پر شرکاء نے مختلف موضوعات پر بحث کیں اور درپیش اجتماعی مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔ شرکاء کو انعم اور ہاشم کاکڑ نے لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں سماجی ذمہ داریوں کے فقدان کی وجہ سے معاشرہ مسائل کا گڑھ بنتا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ فرقہ وارانہ تشدد نے معاشرے کو یکجہتی کے بجائے عدم اعتماد، تشدد اور عدم برداشت جیسےناسور کی طرف دھکیل دیا ہے۔ عوامی نمائندوں اور سرکاری اہلکاروں کے احتساب سے ایک بہترین ، پر امن اور ترقیاتی معاشرے کو تشکیل دیا جاسکتا ہے۔
ورکشاپ میں بحث کے دوران شرکاء نے مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور اس کے حل سے متعلق تجاویز پیش کیںکہ مقامی حکومتوں کے نمائندے اور کمیونٹی لیڈرز عام لوگوں کو درپیش مسائل سے نکالنے میں مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ، سول سوسائٹی، مقامی حکومتوں کے نمائندے، علماء اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ اجتماعی ترقی کیلئے مثبت سوچ کو پروان چڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ نوجوان خصوصاً طلبہ تعلیمی اداروں سے مثبت سرگرمیوں اور سوچ کو پروان چڑھانے میں مدد کرے۔ بہترین طرز حکمرانی کا فقدان عوامی مسائل کا باعث ہے۔ احتساب نہ ہونے سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ اس صورتحال میں ہمیں خود احتساب کا عمل شروع کرنا ہوگا۔