بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز 15برس کے قلیل عرصے میں پاکستان کی صف اول کی جامعات میں شمار کی جاتی ہے جبکہ دنیا بھر کے تعلیمی حلقوں میں بیوٹمز کا نام معیاری تعلیم کی علامت تصور کیا جاتا ہے جس میں بیوٹمز کے قابل اساتذہ تعلیمی ماحول اورطلباء کی محنت شامل ہے بیوٹمز کے تعلیمی معیار اور نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کیلئے اساتذہ اور سینیئر پروفیسرزہمہ وقت محنت جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ سرکاری محکموں اور اداروں کے تعاون سے بیوٹمز معاشرے میں تعلیم کی روشنیاں مزید بہتر انداز میں بکھیر سکتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کوئٹہ کے تحت مینجمنٹ کورس پر بیوٹمز آنے والے سرکاری افسران کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کوئٹہ کے تحت مینجمنٹ کورس پر 37افسران کے وفد نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے چار ممبرز کے ہمراہ بروز منگل بیوٹمز کا دورہ کیا وفد میں شامل افسران گریڈ 18سے گریڈ19میں ترقی پانے کے لئے مینجمنٹ کورس پر بلوچستان کے مختلف تعلیمی و دیگر اداروں کا دورہ کریں گے۔
وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے وفد کا بیوٹمز پہنچنے پر استقبال کیا جبکہ بیوٹمز کے متعلق جامع بریفینگ دی،وفد نے بیوٹمز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جبکہ وفد نے اساتذہ اور سنیئر حکام سے ملاقات، تعلیمی سرگرمیوں اور بیوٹمز کی جدید سہولیات سے آراستہ عمارت کا جامع جائزہ کیا۔وفدکے شرکاء نے بیوٹمز کی تعلیمی و تحقیقی صلاحیت کو سرہاتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
پولیس سروسز کے افسر وزیر خان ناصر نے کہا کہ بلوچستانی ہونے کے ناطے یہ لمحات میرے لئے قابل فخر ہیں کہ ہمارے صوبے میں بیوٹمز جیسی عالمی یونیورسٹی موجود ہے اور بیوٹمز کی بلوچستان میں موجودگی سے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ بلوچستان اب تعلیمی میدان میں کسی سے پیچھے نہیں رہا پاکستان کے دیگر علاقوں سے آئے ہوئے افسران نے کہا کہ بیوٹمز اس منفی تاثر کی نفی ہے جو بلوچستان کے متعلق پھیلایا جاتا ہے وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی کی قائدانہ صلاحیتں اور شب و روز محنت بیوٹمز کے معیار سے عیاں ہے۔
بعد ازیں وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے ۔نیشنل مینجمنٹ کالج سینئر مینجمنٹ ونگ کے وفد کے سربراہ کو بیوٹمزآمد پر یادگاری شیلڈ پیش کی۔