رپورٹ: دین محمد وطن پال
اسی تقریب کی مزید تصاویر یہاں پر دیکھیے
ایم پی اے فنڈز پر پی ایس ڈی پی نمبر لگانے سے شفافیت اور احتساب کے عمل کو فروغ ملے گا، جوابدہی کے موثر نظام سے نہ صرف کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے بلکہ شفافیت کو بھی یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ شہریوں کو بجٹ کے اخراجات کے معلومات تک رسائی اور آگاہی ضروری ہے تاکہ کرپشن کا خاتمہ اور شفافیت کو یقنی بنایا جاسکے۔ سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ اینشیٹیو(سی پی ڈی آئی) کے زیر اہتمام بجٹ ٹریکر موبائل ایپلیکشن کے افتتاحی تقریب کا انعقاد بلوچستان بوائے سکاوٹس میں کیا گیا۔ جس میں سول سوسائٹی کے کارکنان اور سیاسی و قانونی مشیئروں نے شرکت کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی پی ڈی آئی کے کوارڈی نیٹر محمد شعیب نے کہا کہ بجٹ ٹریکر موبائل ایپلیکشن کا بنیادی مقصد شہریوں کو بجٹ کے اخراجات کے متعلق معلومات تک رسائی اور آگاہی ہے تاکہ کرپشن کا خاتمہ اور شفافیت کو یقنی بنایا جاسکے۔ ایپ میں چاروں صوبوں سمیت وفاقی ترقیای بجٹ سے متعلق تمام معلومات فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور اس کو مزید بہتر بنانے کیلئے اس پر کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا ایپ میں تمام صوبوں کے سالانہ بجٹ اور اخراجات سے متعلق معلومات موجود ہے۔ اس موبائل ایپ میں مختلف سوالات کے جوابات بھی موجود تاہم نئے سوالات کے جوابات ایپ کے علاوہ موبائل فون اور ای میل کے ذریعے بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں، جس میں صرف عوامی نقطہ نظر سے متعلق معلومات فراہم کی جائے نہ کہ حکومتی موقف سے متعلق۔ چاروں صوبوں کے بجٹ کی تفصیل کے علاوہ تمام اضلاع چلنے والے منصوبو کے اخراجات کی تفصیل بھی فراہم کی گئی ہے۔ ایسے منصوبے جو ایک سے زائد ضلع میں چل رہے ہو یا کسی بھی ضلع میں اس منصوبے پر کام نہیں ہورہا ہو اس سے متعلق معلومات سپیشل کیسز میں فراہم کی گئی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جلیلہ حیدر ایڈووکیٹ نے کہا کہ جوابدہی کے موثر نظام سے نہ صرف کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے بلکہ شفافیت کو بھی یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ تعلیم اور آگاہی سے معاشرے میں کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔ اگر چہ موجودہ حکومت نے تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا ہے لیکن ہمارے مسائل کو دیکھتے ہوئے یہ بجٹ ناکافی ہے اس کو مزید بڑھانا ہوگا تاکہ ہر شہری کو بہتر تعلیمی مواقع میسر ہو۔ تعلیم کے لیے جو وعدے کئے گئے اس کیلئے موجودہ بجٹ کم ہے۔ اگر بلوچستان کا موازنہ دوسرے صوبوں سے کرایا جائے تو ابھی تک ہم بہت پیچھے ہیں۔ بین الاقوامی جامعات میں پڑھنے والے طالبعلموں کا تعلق بلوچستان سے نہیں بلکہ دوسرے صوبوں سے جو ہمارے تعلیمی پسماندگی کا ثبوت ہے۔ اعلیٰ تعلیم تو دور کی بات ہم ابھی تک بنیادی تعلیم کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ صحت کے شعبے میں کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں
نیشنل پارٹی کے رہنماء صدیق پانیزئی نے تقریب سے خطاب میں سی پی ڈی آئی کے بجٹ ٹریکر موبائل ایپلیکشن کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایپس سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آئے گی اور کرپشن کے خلاف جدوجہد اور شفافیت کو یقینی بنانے میں بھی اس قسم کے ایپس کا کردار اہم ہوتا ہے۔ معلومات تک رسائی سب سے اہم کام ہے ۔ ہر شہری یہی چاہنتا ہے کہ ملک اور صوبے میں شفافیت اور احتساب کا عمل ہو ۔ اس ایپ کو مزید بہتر بنانے کے لیے اس پر کام جاری رکھا جائے۔ ایم پی اے فنڈز پر پی ایس ڈی پی نمبر لگانے سے شفافیت اور احتساب کے عمل کو فروغ ملے گا۔ اس فنڈ سے پی ایس ڈی پی نمبر ختم کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔
تقریب سے محمد جعفر اور سی پی ڈی آئی کے صوبائی کوارڈی نیٹر محمد آصف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس موبائل ایپلیکشن کی مدد سے لوگوں کو بجٹ کے اخراجات اور اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبو سے متعلق معلومات میسر ہوگی۔ اس ایپ کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہمیں مزید تجاویز درکار ہیں تاکہ اس کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔