کوئٹہ:
مارشل آرٹ کی صنف کراٹے کے کھیل کو فروغ دینے کے مشن پر گامزن لاہور سے تعلق رکھنے والے کراٹے کے سابق کھلاڑی وکوچ اور معروف سپورٹس آرگنائزرغضنفر علی نے بلوچستان میں کراٹے کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرانے کے حوالے سے جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کی کاوشوں کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہاکہ جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر حسین علی چنگیزی ،سیکرٹری جنرل عبداللہ چنگیزی اور معروف کراٹے کوچ سنسی نصراللہ ہزارہ بلوچستان میں کراٹے کے کھیل گراس روٹ لیول سے فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کی بہترین تر بیت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے نوجوان نسل میں نہ صرف سیلف ڈیفنس کا شعور اْجاگر ہورہا ہے بلکہ بلوچستان میںکراٹے کا نیا ٹیلنٹ بھی اُبھر کر سامنے آرہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجئی خان سپورٹس کمپلیکس علمدار روڈ کوئٹہ میں منعقدہ ایک تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے کھیل وثقافت عبد الخالق ہزارہ سے کھیلوں میں خدمات کے اعتراف پر خصوصی ایوارڈ وصول کرنے کے بعد تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے عمل کے ذریعہ ہم ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں اور انشا اللہ سپورٹس آرگنائزرز،وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت کھیلوں سے بے پناہ محبت کرنے والی شخصیات کے تعاون سے مختلف کھیلو ں کی سرگرمیوں کو فروغ دیکر نوجون نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کر کے کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے تمام شعبوں میں نیا ٹیلنٹ بھی سامنے لا رہے ہیں۔
خبر: کوئٹہ انڈکس/پریس ریلیز