کوئٹہ؛
بلوچستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت ، فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال میں زیر علاج کورونا وائرس کا مریض دوران علاج چل بسا جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی 108 کو جا پہنچا۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان نے ہلاکت اور تعداد میں اضافے کی تصدیق کردی ہے۔ پورے ملک میں جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ جن میں 3 افراد خیبر پشتونخوا، ایک سندھ، ایک بلوچستان جبکہ ایک شخص کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔
حکومت بلوچستا ن کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ 65 سالہ شخص اتوار کی شب کوئٹہ کے فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال میں جان بحق ہوگیا۔ متاثرہ شخص کا تعلق کوئٹہ سے تھا جو ایران کے علاقے مشہد سے آیا تھا۔ جسے قرنطینہ میں رکھا گیا 12 مارچ کو کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد انہیں شیخ زید ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
کورونا وائرس اس وقت پورے ملک میں پھیل چکا ہے جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر حکومت بلوچستان کی جانب سے جزوی لاک ڈاون بھی کیا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں تمام کاروباری مراکز بند ہے جبکہ بین الصوبائی، انٹر سٹی اور لوکل پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی بند کردیا گیا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے لوگوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے اور گھروں میں رہنے کی درخواست کی گئی ہے۔