کوئٹہ، مانیٹرنگ ڈیسک
بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدرسابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرداراختر مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان پر غیر جمہوری قوتیں قابض ہیں ہمیں جلسے کی اجازت نہ دینا جمہوریت کے خلاف ایک سازش ہے،حکومت امن وامان کی بحالی میں ناکام ہوچکی ہے۔
پانچ جماعتی اتحاد کے رہنماؤں کے ہمراہ کوئٹہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرداراخترمینگل نے کوئٹہ اور مستونگ کے واقعات کی سختی سے مذمت کی اور کہا کہ یہ حکومتی ناکامی کی ایک اور مثال ہے انہوں نے این اے دوسوساٹھ میں پانچ اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوارمیر بہادرخان مینگل کو بھاری ووٹ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا شکریہ اداکرنے کےلئے پانچ جماعتی اتحاد نے بائیس جولائی کوہاکی گراؤنڈ میں جلسہ کرنا تھا لیکن صوبائی حکومت اور انتظامیہ نے ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ کرنے سے منع کیا اور انتظامیہ نے خود ایوب اسٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی اجازت دی ہم نے جلسہ کرنے کی مکمل تیاری کردی لیکن آج پھر انتظامیہ کی جانب سے ہمیں تحریر میں ایوب اسٹیڈیم میں بھی جلسہ کرنے سے منع کیا۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کو روکنے والے غیر جمہوری قوتیں بوکھلائٹ کا شکار ہوگئے ہیں ۔پریس کانفرنس میں بی این پی کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی کے اصغر اچکزئی،بلوچ نیشنل موومنٹ کے ڈاکٹر حئی بلوچ بی این پی عوامی کے واحدبلوچ اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے عبدالخالق ہزارہ موجود تھے۔