کوئٹہ، دین محمد وطن پال سے
صحت کے شعبے میں کام کرنیوالی سماجی تنظیم سیلانی ٹرسٹ اور بلوچستان کے ڈاکٹروں کی تنظیم ہیلپنگ ہینڈ بلوچستان کے غریب و نادرا مریضوں کے مل کر کام کریں گے۔ دونوں تنظیموں کے رہنمائوں اور بولان میڈیکل کمپلیکس انتظامیہ اور سینئر سرکاری ڈاکٹروں نے بھی حمایت کرکے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کے کانفرنس رودم میں ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے منعقدہ ورکشاپ میں ہسپتال کے میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر ایوب، ہیلپنگ ہینڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شیرزمان مندوخیل، سیلانی ٹرسٹ کے نمائندوں کے علاوہ، سوشل ویلفیئر، سرکاری آفیسران، ڈاکٹروں اور ہیلپنگ ہینڈ کے رضاکاروں نے شرکت کیں۔
بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کے دوران سیلانی ٹرسٹ صحت کے شعبے کے انچارج عارف لاخانی نے کہا کہ سیلانی ٹرسٹ ملک بھر میں غریب اور نادار مریضوں کے لیے مفت خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ جبکہ ملک کے علاوہ بیرون ممالک میں بھی جہاں ہمارے ٹیم کے خدمات کی ضرورت پڑھی ہے یا ہمیں کال کی گئی ہے ہم نے اپنی خدمات سر انجام دی ہیں۔
سیلانی ٹرسٹ بلوچستان میں ہیلپنگ ہینڈ کے ساتھ ملکر غریب و نادار مریضوں کے لیے مفت کھانے کا انتظام کرنے بہت جلد کام شروع کریں گے۔ منصوبہ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں شروع کیا جائے گا۔ جس کو بعد سول ہسپتال اور دیگر سرکاری ہسپتالوں تک پھیلایا جائے گا۔ جس سے صوبے کے غریب اور نادار مریضوں کی مدد کی جائے گی۔
ورکشاپ کے شرکاء کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں غریب مریضوں کے لیے مفت کھانے کا انتظام، جبکہ دوسرے مرحلے میں مریضوں کیلئے سٹریچرز اور وئیل چیئرز کا بندوبست کریں گے۔ جس کے بعد اس منصوبے کو سول ہسپتال اور دوسرے سرکاری ہسپتالوں تک بھی پھیلایا جائے گا جسے بلوچستان کے ڈاکٹروں کی تنظیم ہیلپنگ ہینڈ کے ساتھ مشترکہ طور پر چلایا جائے گا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ صوبے میں عوام کی خدمات کیلئے لازمی ہے کہ سرکاری ادارے پبلک پارٹنرشپ کے تحت کام کرے تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جاسکے۔ خدا کی مخلوق کی خدمت ہی اصل میں عین عبادت ہے۔ اس کار خیر میں دوسرے اداروں کو بھی ہماری مدد کرنی چاہیے تاکہ سماجی کاموں میں پبلک پارٹنرشپ کی طرف لوگوںکا رجحان ہو۔