اسلام آباد:
تقریباً 100 سٹیک ہولڈرز بشمول حکومتی نمائندے ٗ سفارتکار ٗ سول سوسائٹی ٗ ترقیاتی و نجی شعبے کے افراد ٗ فنکاروں ٗ کارکنوں اورماہرین نے یونیسکو پاکستان کی جانب سے سرینا ہوٹل اسلام آبادمیں منعقدہ ایک آؤٹ ریچ تقریب "UNESConnect” میں شرکت کی۔
تعلیمی ٗ سائنسی اور ثقافتی تنظیم (UNESCO) اقوام متحدہ کی ایک خصوصی ایجنسی ہے جو1958ء سے حکومت پاکستان اورعوام کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔ تعلیم ٗ سائنس اور ثقافت کے ذریعے بین الاقوامی سطح پرامن وسلامتی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ یونیسکو کی بنیادرکھی گئی۔
پاکستان میں یونیسکو کی نمائندہ محترمہ پیٹریشیا میک فلپس(Ms. Patricia McPhillips) نے مہمانوں کاخیرمقدم کیا اور کہا کہ ایک کامیاب ترقیاتی ایجنڈے کے لئے جامع شراکت داری کی ضرورت ہوتی ہے۔ یونیسکو باہمی جوابدہی پر مبنی شراکت داری اور مشترکہ مقاصد کے حصول پر یقین رکھتاہے۔ ہم نمایاں کارکردگی کے لئے ایک ساتھ مل کر نئے ٗبہتر اور پائیدار طریقے تلاش کرنا چاہتے ہیں۔
اس تقریب کا مقصد پاکستان میں تعلیم ٗثقافت ٗسائنس اورانفارمیشن کے شعبوں میں ترقیاتی ایجنڈے2030ء کے اہداف کے حصول کیلئے یونیسکو کی طرف سے تعاون کے امکانات اورمواقع کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بامعنی مشاورت نیز یونیسکو کی پاکستان اور دنیا بھر میں امن کے فروغ کے لئے کام کرنے کی 75سالہ خدمات کا اعتراف کرناتھا۔
معروف صحافی ضرارکھوڑو نے پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اورسرکاری ٗ نجی کثیر الجہتی تنظیموں کے مابین روابط کے فروغ کے لئے مباحث کا آغاز کیا۔شرکاء نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے تدارک ٗ تعلیم کی رسائی بڑھانے ٗعدم مساوات کو کم کرنے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے اور آئندہ نسل کے لئے متنوع ثقافتی ورثے کو محفوظ کرنے کے لئے یونیسکو کے مشن کی حمایت کا عہد کیا۔