کوئٹہ :
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کوئٹہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کھلے و ناقص کوکنگ آئل کو لوکل برانڈز کے نام پر فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کوئٹہ شہر کے نواحی علاقے معروف ٹاؤن ( ایسٹرن بائی پاس ) میں قائم غیر قانونی خوردنی تیل کا فلنگ اسٹیشن سربمہر جبکہ فلنگ یونٹ سے بڑی مقدار میں کھلا و غیر صحت بخش کوکنگ آئل ، جعلی لیبلنگ مٹیریل اور سینکڑوں خالی بوتلیں برآمد کر لی گئیں۔
ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ غذائی اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ،بلوچستان فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر میں اشیاء کی تیاری سے لیکر فروخت تک کے تمام مراحل پر نظر رکھے ہوئے ہے ، عوام کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے کسی صورت بھی ایف اے کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔