کوئٹہ؛
ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر داؤد شہرکی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ مقررہ تجارتی اہداف کے حصول کےلئے ہمہ وقت کوشاں ہےاس سلسلے میں دونوں برادر اسلامی ممالک کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں باہمی تعاون کے ذریعے ختم کریں گے،پاکستان کے ساتھ مزید باڈر مارکیٹس کی بحالی کے لیے تیار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں پاک ایران جوائنٹ بارڈر ٹریڈ کمیٹی کے دسویں اجلاس کے ابتدائی سیشن سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ دسویں بارڈر ٹریڈ کمیٹی اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی چیف کلکٹر کسٹم بلوچستان عبدالقادر میمن جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر داؤد شہرکی نے کی۔اجلاس میں کوئٹہ میں متعین ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی ،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی ،نائب صدر سید عبدالاحد آغا ،زاہدان چیمبر آف کامرس کے صدر عبدالحکیم ریگی دونوں ممالک مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام و دیگر شریک ہیں۔
دو روزہ اجلاس کے پہلے روز ابتدائی سیشن سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیف کلکٹر کسٹم بلوچستان عبدالقادر میمن نے ایرانی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں دونوں ممالک کے مابین مقرر کردہ تجارتی اہداف کے حصول کےلئے ضروری ہے کہ دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائے انہوں نے کہا کہ بارٹر ٹریڈ معاہدے پر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے عالمی وباء کے بعد دنیا بھر کے ممالک کو معاشی بدحالی کا چیلنج درپیش ہے اس چیلنج سے نمٹنے اور اقتصادی ترقی کےلئے دوطرفہ باہمی تعاون ضروری ہے ہمیں 2006ء میں کئے گئے معاہدے پر مکمل طور پرعمل درآمد کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ورلڈ کسٹم کنونشن کے ممبران ہے انہوں نے کہا کہ آج سے شروع ہونے والے دو روزہ اجلاس کے بھی مثبت نتائج نکلیں گے اور اس سے دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم ہونے میں مدد ملے گی۔اجلاس کے ابتدائی سیشن سے خطاب میں سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر داؤد شہرکی نے کہا کہ جوائنٹ بارڈر ٹریڈ کمیٹی کے اجلاسوں پر دونوں ممالک کے حکام کے مابین 2010ء میں اتفاق کرلیا گیا تھا ہم چاہتے ہیں کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین مقررہ تجارتی اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ مزید بارڈر مارکیٹس کےقیام اور بحالی کےلئے تیار ہیں اس وقت ایران کے مختلف بارڈر پر قائم مارکیٹس میں سے 50فیصد پاکستان کے ساتھ ملتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ کئے گئے بارٹر ٹریڈ معاہدے کو جلد عملی جامعہ پہنانا چاہتے ہیں۔ اجلاس کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کوئٹہ زاہدان تک براہ راست فلائٹس کا اجراء چاہتے ہیں ہم آزاد دو طرفہ تجارت کے خواہاں ہیں اور چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے مابین برابری کی بنیاد پر تجارت ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے کاروباری حجم میں مزید اضافہ کے خواہاں ہیں
انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس روز اول سے ہی قانونی تجارت کا فروغ چاہتی ہے ایران مجوز کی شرط پر نظر ثانی کرے ہم چاہتے ہیں کہ تفتان بارڈر پر بزنس کمیونٹی کےلئے الگ گیٹ ہو تاکہ تجارت سے وابستہ افراد کو آمد و رفت میں مشکلات درپیش نہ ہو۔اجلاس کے دوران نویں جوائنٹ بارڈر ٹریڈ کمیٹی کی نکات کا بھی جائزہ لیا گیا اور مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اجلاس کے پہلے روز وفود میں یادگاری شیلڈز کا بھی تبادلہ ہوا۔