کوئٹہ
روٹری کلب اور پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کے اشتراک سے پھولوں کی آرائش کا مقابلہ ”ایکے بانا“ منعقد کیا۔سرینا ہوٹل کوئٹہ میں منعقد ہونے والے پھولوں کے مقابلے میں بڑی تعداد میں خواتین نے حصہ لیا۔ اس موقع پر بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز(بیوٹمز)کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ، روٹری کلب کوئٹہ کے صدر ظفر ، جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ اور ان کی اہلیہ خدیجہ ندیم ، ڈائریکٹر جاپان قونصلیٹ کوئٹہ اسرار احمد عدیل،ممبر لائنز کلب خیرالنسا ءمینگل اور کمال صدیقی سمیت دیگر معززمہمانان گرامی بھی موجود تھے۔
پھولوں کی سجاوٹ کے 600سالہ قدیم جاپانی فن ”ایکے بانا“ شرکا کی توجہ کا خاص مرکز رہا، پھولوں کے مقابلے کی جج پروفیسر آصفہ اتاکاتھیں جنہوں نے ”ایکے بانا“کی باقاعدہ تربیت جاپان کے معروف اکینوبو سکول سے حاصل کر رکھی ہے،پروفیسر آصفہ اتاکانے پھولوں کے مقابلے سے قبل حاضرین کوپھولوں کے جاپانی طرز آرائش کے فن”ایکے بانا“ کی ڈیموسٹریشن کر کے دکھائی۔مہمان خصوصی وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز(بیوٹمز) پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے پھولوں کے مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی خواتین کو انعامات سے نوازا۔
جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ کی اہلیہ خدیجہ ندیم نے کہا کہ ”ایکے بانا“ جاپانی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب جیتے جاگتے زندہ پھول ہیں، جاپانی لوگ پھولوں سے محبت نہیں بلکہ عقیدت رکھتے ہیں،جاپان کے 600سالہ قدیم فن ایکے بانا کے ذریعے چٹکیوں میں خوشنما اور جاذب نظر پھولوں کا گلدستہ سجایا جاسکتا ہے،گھرکی خوبصورتی کو چارچاند لگانے والے پھولوں کے جاپانی فن ایکے بانا کو پاکستانی عوام بالخصوص خواتین بہت پسند کرتی ہیں اور یہ فن سیکھنے والوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے، پاکستانی خواتین میں بہت ٹیلنٹ ہے اس فن کو پاکستان میں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے معاشرے میں تعلیم، صحت ، سماجی بہبود،امن، محبت، بھائی چارے، مذہبی رواداری سمیت آرٹ وفن کی ترویج و فروغ کیلئے روٹری کلب کوئٹہ کی خدمات کو سراہا۔