کوئٹہ
جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ اور ان کی اہلیہ خدیجہ ندیم سے نمل یونیورسٹی میں جاپانی لینگویج کے لیکچرار پروفیسر الیاس فاروقی اور ان کی اہلیہ شمسہ الیاس لیکچرار جاپانی لینگویج پنجاب یونیورسٹی نے ملاقات کی ۔اس موقع پر جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے پاکستان کی نوجوان نسل کو بہترین انداز میں جاپانی زبان سکھانے پر پروفیسر الیاس فاروقی اور ان کی اہلیہ شمسہ الیاس کو خراج تحسین پیش کیا۔جاپانی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی طلبہ میں جاپانی زبان سیکھنے کا شوق بڑھنا خوش آئند ہے کیونکہ جاپان میں پاکستانیوں کیلئے نوکریوں کے بے شمار مواقع ہیں، ہنرمند افرادی قوت کو جاپان میں مختلف شعبوں میں روزگار ملنے سے پاکستانی شہریوں کا معیارزندگی بہتر ہو گا اور پاکستان کی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔
جاپانی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے بتایا کہ بیرون ملک ملازمت کیلئے جاپان ایک پرکشش مقام رکھتا ہے، سال 2019ءمیں جاپان نے ہنر مند افرادی قوت کا معاہدہ حکومت پاکستان کے ساتھ کیا تھا، پاکستان ان دس بڑے ملکوں میں سرفہرست میں شامل ہے جہاں سے جاپان ہنرمند افرادی قوت حاصل کر رہا ہے ،پاکستان سے جاپان نے سرکاری طور پر 14 شعبہ جات میں افرادی قوت طلب کی ہے جس میں نرسنگ، عمارتوں کی صفائی، دھاتوں کی ڈھلائی، مشینوں کے پرزہ جات اور ٹولز کی صنعت، الیکٹریشن، الیکٹرانکس، تعمیرات، بحری جہاز سازی، آٹوموبیل، ایوی ایشن، رہائشی صنعت، زراعت، ماہی پروری، کھانے کی تیاری، اور سروس کے شعبہ جات شامل ہیں۔