کراچی
معروف اداکارہ، ماڈل اور میزبان وینا ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیٹ پر ان کی عمر سے متعلق غلط معلومات دی جا رہی ہیں، جس کے مطابق وہ اپنی والدہ سے صرف 10 سال چھوٹی ہیں۔
اپنی سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وینا ملک نے کہا کہ وہ اتنی زائد العمر نہیں جتنا گوگل دکھاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی اصل سالگرہ 20 فروری کو ہوتی ہے اور وہ صبح پانچ بجے پیدا ہوئی تھیں، تاہم انہوں نے اپنی درست عمر بتانے سے گریز کیا۔
وینا ملک نے مزید کہا کہ انہیں سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں، جبکہ انہوں نے نعت خوانی اور گلوکاری میں بھی قسمت آزمائی لیکن کامیابی نہ مل سکی۔ کرکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر وہ شخص جو کرکٹ کی اے بی سی نہیں جانتا، وہ بھی یہ کھیل دیکھتا ہے اور وہ بھی کرکٹ کی مداح ہیں۔
جب صحافیوں نے ان سے انٹرنیٹ پر لکھی گئی عمر کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوگل کے مطابق وہ اپنی والدہ سے محض 10 سال چھوٹی ہیں، حالانکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔