کوئٹہ: نیوز ڈیسک
سالار فائونڈیشن نے حال ہی میں سی پی ڈی آئی کے ساتھ ملکر یورپی یونین اور فریڈیک نومین فائونڈیشن فار فریڈیم کے تعاون سے شروع کئے گئے چار سالہ منصوبے ڈیموکریٹک لوکل گورننس فار ڈویلپمنٹ ان پاکستان پر کام کا آغاز کیا ہے۔
سالار فائونڈیشن اور گڈ گورننس ڈسٹرکٹ کولیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ2010ء کے تحت صوبائی مالیاتی کمیشن کا فوری اعلان کیا جائے۔ بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010ء کے نافذ ہونے کے باوجود 7 سال گزرجانے کے باوجود نئے صوبائی مالیاتی کمیشن کا اعلان نہ کرنا قابل تشویش ہے۔
کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سالار فائونڈیشن کے سربراہ سلام خان، سی پی ڈی آئی کے صوبائی کوارڈی نیٹر محمد آصف، عبدالحئ ایڈووکیٹ اور دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010ءکے سیکشن 210 کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔ ایکٹ کے مذکورہ سیکشن کی مدد سے لوکل کونسل گرانٹ کمیٹی کو ہر مالی سال صوبائی حکومت سے ضلعی حکومت کو فنڈ کی منتقلی کیلئے سفارشات میں مدد ملے گی۔
سول سوسائٹی کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 140-Aمقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کو مالی ذمہ داریوں اور اختیارات کی منتقلی اور اسے مضبوط بنانے کے حوالے سے ہے۔ اگر صوبائی مالیاتی کمیشن کا فوری طور پر اعلان نہیں کیا گیا تو مقامی حکومتیں کزور ہوجائے گی جو عوامی مسائل کو حل کرنے میں مدد نہیں دے سکے گا۔ صوبائی حکومت صوبائی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے اعلان کیلئے فوری طور پر اقدامات کرے۔