کوئٹہ:
پاکستان ریلویز کوئٹہ ڈویژن ویلفیئر سپورٹس آفیسراور چیف کنٹرولر پاکستان ریلویز کوئٹہ ڈویژن محمدکاشف نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویزایک تاریخی ادارہ ہے جس کے شعبہ کھیل میں موجود کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ملکی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اپنے شاندار کھیل اور کردار کی بدولت سبز ہلالی پرچم بلند کرکے ملک وقوم کانام روشن کیا ہے، ہم نامساعد حالات کے باوجود اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتے ہوئے پاکستان ریلویز کی کھیلوں کو بامِ عروج تک پہنچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں،ہم کھلاڑیوں کو بہتر ین سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیںپاکستان ریلویز کی ملکی سپورٹس میں تاریخ کامیابیوں سے بھری ہوئی ہے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ دوبارہ اس مقام پر آئیں، پاکستان ریلویز ملک میں کھیلوں کی ترقی کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کردار پہلے بھی ادا کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویزکوئٹہ ڈویژن میں ووشو ، کنگفو ،جوڈو ، کراٹے ،تائیکوانڈو، باکسنگ اور فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کو بہترین سہولیات دے کر گروم کیا جا رہا ہے ،ملکی سطح پر پاکستان ریلویز غیرنصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی مختلف اقدامات کررہی ہے ، پاکستان ریلویز کو منافع بخش ادارہ بنانے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے شعبہ پر خصوصی توجہ دیکر پاکستان میں سپورٹس کلچر کو پروان چڑھانا ہمارا اہم ترین مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر کھیلوں کی ترقی کیلئے ریلویز کے گرائونڈز اور انڈور ہالز کی حالت کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انٹر ڈویژن اور ریلویزکے سکولوں میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کرواکر نیا ٹیلنٹ بھی تلاش کیا جائے گاتاکہ آنے والے دنوں میں یہ کھلاڑی ریلویز کی مختلف کھیلوں کی ٹیموں کا حصہ بن کر ملکی اور عالمی سطح پر منعقد ہونے والوں مقابلوں میں اپنے شاندار کھیل سے ریلویز اورملک وقوم کا نام روشن کرسکیں، کھلاڑی محنت اور لگن سے اپنی کھیلوں کی طرف توجہ دیں ہم ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرتے رہیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز نے ملک بھر میں سپورٹس کلچر پروان چڑھانے کا تہیہ کررکھا ہے جس کے تحت نوجوان نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا رہاہے،پاکستان ریلویز غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی سطح پر پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے، نوجوانوں کی ترقی میں پاکستان ریلویز پیش پیش ہے ۔پاکستان ریلویز کوئٹہ ڈویژن ویلفیئر سپورٹس آفیسراور چیف کنٹرولر پاکستان ریلویز کوئٹہ ڈویژن محمدکاشف نے کہا کہ کھیل امن ،محبت اور دوستی کی علامت ہوتے ہیں، کھیلوں کے مقابلوں سے لوگوں میں پیار ، محبت اور دوستی کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔انہوں نے زندگی میں کھیل کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ صحت مند رہنے کیلئے زندگی میں کھیل کی بہت زیادہ اہمیت ہے ،کھیل سے انسان ذہنی اور جسمانی دونوں طرح سے فٹ رہتا ہے، کھیل کود سے انسانی دماغ کی نشونما ہوتی ہے اور انسان چاق و چوبند رہتا ہے لیکن بدقسمتی سے آجکل کے نوجوان کی توجہ کھیلوںسے ہٹ گئی ہے اور کھیل کے میدان ویران ہوگئے ہیں جس کی ایک بڑی وجہ اسمارٹ فونز اور ویڈیو گیمز ہیں اگر ہم اپنے ارد گرد جہاں نظر دوڑ ا ئیں نوجوانوں کی انگلیاں اسمارٹ فون پر چلتی نظر آتی ہیں اسمارٹ فونز پر ان گیمز کا حصول بہت آسان ہوگیا ہے یہ طرز زندگی ہمارے میدانوں کو غیر آباد کررہا ہے جس کے مضر اثرات صحت پر مرتب ہورہے ہیں اور کم عمری میں شوگر ،دل کے امراض جنم لے رہے ہیں، ایک جگہ بیٹھے رہنے سے نوجوان نسل میں موٹا پا پھیل رہا ہے لہٰذا میں سمجھتا ہوں کہ نوجوانوں کو کھیلوںکی بہتر سہولیات فراہم کی جا ئیں تا کہ وہ ویڈیو گیمز کی لت سے بچ کر صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں۔
پاکستان ریلویز کوئٹہ ڈویژن ویلفیئر سپورٹس آفیسر اور چیف کنٹرولر پاکستان ریلویز کوئٹہ ڈویژن محمدکاشف نے کہا کہ پاکستان میں سپورٹس کلچر کو پروان چڑھاکر نوجوان نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور انہیں فرسٹریشن سے بچا کر زہنی و جسمانی طور پر مضبوط بناکر معاشرے کا مفید شہری بنانا حکمرانوں سمیت ہماری زندگی کا اہم ترین مشن ہونا چاہئے ،میں سمجھتا ہوں کہ جب ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو ہسپتال ویران ہو جائیں گے اور کھیلوں کے فروغ سے دہشت گردی کی سلگتی آگ بھی بھجائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن عالمی معیار کی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ٹیلنٹ زنگ آلود ہو رہا ہے،پاکستان میں سپورٹس کلچر کو پروان چڑھانے اورنوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کیلئے ضروری ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مختلف محکموں میں کنفرم نوکریاں دی جائیںکیونکہ سپورٹس مین کامعاشی تحفظ اورانہیں جدید سہولیات فراہم کرکے ہی پاکستان میں کھیلوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے اور عالمی سطح پر منعقد ہونے والے مقابلوں میں میڈلز بھی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔پاکستان ریلویزکوئٹہ ڈویژن ویلفیئر سپورٹس آفیسراور چیف کنٹرولر پاکستان ریلویز کوئٹہ ڈویژن محمدکاشف نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے امن کا قیام ممکن ہے جبکہ کھیل کے میدان آباد کرکے ہی ہسپتال ویران کئے جاسکتے ہیں ،میرا مشن کھیلوں کے ذریعے پاکستان کے سافٹ امیج ، خوبصورت پاکستان اور پاکستانیوں کے پرُامن رویوں کی عکاسی کو یقینی بنانا ہے ،پاکستان کھیلوں کے حوالے سے ایک پرُامن ملک ہے یہاں کے لوگ کھیلوں اور کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں لہٰذا مختلف کھیلوں کی غیر ملکی ٹیموں کو بلاخوف وخطرہ پاکستان آکر مختلف ایونٹس کے مقابلوں میں حصہ لینا چاہیے ۔
خبر: کوئٹہ انڈکس/ پریس ریلیز