کوئٹہ؛
شاپنگ سینٹر اور مال مالکان نے حکومت بلوچستان کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیئے۔ شاپنگ مال، مارکیں اور ہوٹل کھلے جبکہ لوکل بسیں بھی رواں دواں۔ شہر میں موجود مارکیٹوں میں لوگوں کا رش رہا۔ پرنس روڈ پر متعدد ہوٹلز کھلے رہے ہیں اور کھانے پینے کا انتظام بھی موجود تھا۔ صوبائی حکومت نے تمام شاپنگ مالز کو 21 دنوں تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ ہوٹلوں میں کھانے پینے پر پابندی صرف گھروں کیلئے سہولیات دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فیکشن کے مطابق بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس سے بچنے اور روک تھام کیلئے تعلیمی اداروں، مدارس اور کھیلوں کے میدانوں کے بعد صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 21 دنوں کے لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران کوئٹہ شہر کے تمام بڑے شاپنگ مال، مارکیٹیں ، صوبائی، بین الصوبائی، لوکل اور انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ بھی 21 دنوں کیلئے بند رہیں گے۔ جبکہ زیادہ رش والے ریسٹورنٹس صرف گھروں کو کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کا سہولت فراہم کریں گے۔
شاپنگ مالز مالکان اور تاجروں نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسجد روڈ پر واقع شاپنگ سینٹرز کھلے رہے اور لوگوں کا رش بھی رہا۔ حکومتی ٹیموں کیجانب سے اچانک دورے کے بعد شاپنگ سینٹروں کے مین گیٹ تو بند کردیئے گئے تاہم ان شاپنگ مالز میں پارکنگ گیٹ کے ذریعے لوگوں کا آنا جانا اور کاروبار چلتا رہا۔ مالز کے پارکنگ گیٹوں پر کھڑے لوگ خریداروں کو متبادل گیٹوں کے ذریعے اندر لیجاتے رہے۔