کوئٹہ۔
پاکستان ٹیلی ویژن کوئٹہ سینٹر کے پشتو زبان کے کمپیئرشاہین علیزئی ، پاکیزہ خان ، شمشیر میوند اور دیگر نے الزام عائد کیا ہے سرکاری ٹی وی پر پشتون فنکاروں کے ساتھ قومی بنیاد پر زیادتی کی جارہی ہے۔ ٹی وی کے کوئٹہ سینٹر کے جنرل منیجر عطاء اللہ بلوچ نے سینٹر میں قومی پرستی کی انتہا کردی جس کے باعث من پسند افراد کے چیک جاری کرکے انہیں نوازا جاتا ہے جبکہ ہمیں کئی عرصہ سے چیک جاری نہیں کررہے ہیں۔
کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پشتو زبان کے فنکاروں نے کہا کہ سرکاری ٹی وی انتظامیہ پشتون اداکاروں اور گلوکاروں کے چیک روک کر ہماری آواز دبانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔ جبکہ اگر کوئی فنکار آواز اٹھانے کی کوشش کرتا ہے تو انہیں مختلف طریقوں سے بلیک میل کیا جاتا ہے۔ ہمارے ساتھ اپنا حق مانگنے پر طرح طرح کے نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہیں۔

شاہین علیزئی اور پاکیزہ خان کا کہنا تھا کہ جو سرکاری ٹی وی جنرل منیجر یا پروڈیوسر کی تابعداری نہیں کرتے ان کے چیک روک دیے جاتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں پشتون فنکاروں پر سرکاری ٹی وی کے دروازے بند کئے جاتے ہیں اور ہم پر پابندی لگائی جاتی ہے۔
اگرہمارے مسائل حل نہیں کئے ار ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوئے تو تمام فنکاروں، گلوکاروں، اور کمپیئروں کے ساتھ مل کر ہر ممکن احتجاج کا راستہ اپنائیں گے۔ اگر ہماری آواز نہیں سنی گئی تو پی ٹی وی کے گیٹ کے بھوک ہڑتال سمیت تمام احتجاجی راستے اپنائیں گے۔ موجودہ جی ایم ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں کہ معافی مانگو ورنہ انجام اچھا نہیں ہوگا۔ اگر ہمیں کسی قسم کا بھی نقصان پہنچا تو ذمہ داری ٹی وی کے موجودہ جنرل منیجر پر عائد ہوگی۔