کوئٹہ؛
ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل نے کہا ہے کہ سی پیک مغربی روٹ کے کچلاک ژوب سڑک کی تعمیر کا ٹینڑر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا عوام کے لیے عید الاضحی کا تحفہ ہے جس سے مواصلاتی نیٹ ورک میں توسیع اور صوبے میں روزگار و ڈویلپمنٹ کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ تاریخ میں پہلی بار پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مافیا کیخلاف ایکشن لے رہی ہے ۔وزیراعظم عمران خان کا کوئی ذاتی ایجنڈہ نہیں ملکی ترقی اور خوشحالی انکا مشن ہے ۔کورونا سے بچاؤ کیلئے عید سادگی کے ساتھ منانے کے سواکوئی آپشن نہیں۔
بدھ کو صوبائی اسمبلی میں اپنے چیمبر میں اپنے حلقہ انتخاب کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر سردار بابر خان موسیٰ خیل نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت عملی طور پر ثابت کر رہی ہے کہ ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائیگا اور یہ پہلی حکومت ہے جو عوام کو لوٹنے والے مافیا کے خلاف سخت کاروائی کر رہی ہے اور عوام کے مفادات کا بھر پور تحفظ کیا جارہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک اور مضبوط بنا رہے ہیں ملک کو حقیقی معنوں میں تر قی یافتہ ،مضبوط ،خوشحال اور مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومتی پالیسوں کا محور ہر شعبے میں عوام کو ریلیف دینا ہے جسکے لیے احساس پروگرام جیسے منصوبے شروع کیے ہیں۔ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران حکومت غر یب عوام کیساتھ کھڑی ہے انکو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ یں گے مویشی منڈیوں ، عید اور محرم الحرام میں عوام کی لاپروائی سے کورونا دوبارہ بے قابو ہوسکتا ہے اس لیے کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عمل کر نے اور عید سادگی سے منانے کے سواکوئی آپشن نہیں ۔
اُنہوں نے کہا کہ کورونا وبا جتنی جلدی ختم ہوگی ملک کیلئے معاشی طور پر اتنا ہی زیادہ بہتر ہوگا مویشی منڈیوں میں ایس اوپیز پر سختی سے عمل وقت کی ضرورت ہے کوروناکیخلاف این ڈی ایم اے اور پاک فوج کا کردار بھی تاریخ کا حصہ رہے گا ہم سب نے ملکر کورونا کو شکست دینی ہے۔بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سردار بابر خان موسیٰ خیل نے کہا کہ انشا اللہ سی پیک بلوچستان کی تر قی اور خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا،سی پیک مغربی روٹ کے کچلاک ژوب سڑک کی تعمیر کا ٹینڑر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا عوام کے لیے عید الاضحی کا تحفہ ہے جس سے مواصلاتی نیٹ ورک میں توسیع اور صوبے میں روزگار و ڈویلپمنٹ کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔