چمن
چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی جلات خان اچکزئی نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کے تاجروں اور صنعت کاروں کو جان ومال کا تحفظ فراہم کیا جائے ،ٹیکسوں کی شرح کو کم ،دہرے ٹیکس ختم کئے جائیں ، بجلی وگیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے جبکہ معاشی استحکام کیلئے تجارت و صنعت دوست معاشی پالیسی بنا ئی جائے ۔
گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی جلات خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کا دارومدار کاروباری برادری کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کو حل کرنے پر منحصر ہوتا ہے لہٰذا وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان برآمدات اور مقامی تجارت کو فروغ دینے کیلئے تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے وابستہ تاجروں کی لیگل امپورٹ و ایکسپورٹ کو بعض عناصر اسمگلنگ کا نام دیتے ہیںایسے عناصر کی حکومتی سطح پر حوصلہ شکنی ہونی چاہیے اور صوبے بھر کے تاجروں کو آسانی سے کام کرنے کیلئے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔