کوئٹہ
پیس اینڈ جسٹس سوسائٹی پاکستان کے چیئرمین میاں نعیم الدین نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت آئی ایم ایف جیسے ”معاشی دہشت گرد“کے ہاتھوں کھلونا بن چکی ہے،ہمارے حکمران آئی ایم ایف کی خوشنودی کیلئے غریب عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں ،حکومت نے بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے ملک بھرمیں ماتم برپا کردیاہے۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ” مہنگائی مکاﺅ مارچ “کے ذریعے تحریک انصاف حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب بنا کر حکومت بنانے والی سیاسی جماعتوں نے غریب عوام کو ’ ’مہنگائی کی قبر “میں دفن کر دیا ہے،پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کیلئے ناقابل برداشت ہے، صنعت، زراعت اور تجارت کا پہیہ جام ہونا شروع ہوگیا ہے۔
پیس اینڈ جسٹس سوسائٹی پاکستان کے چیئرمین میاں نعیم الدین کاکہناتھا کہ سیاسی انتشار، لڑکھڑاتی کمزور ترین اتحادی حکومت قومی سلامتی، عوامی مفادات اور آئین، جمہوریت، پارلیمانی نظام کیلئے خطرناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے، پی ٹی آئی حکومت نے پونے چارسال غریب عوام کو خون کے آنسورلایاجبکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی اتحادی حکومت نے لوگوں سے جینے کاحق بھی چھین لیاہے،لہٰذااب وقت آگیا ہے کہ سیکولرازم، مغربی جمہوریت ، لبرل ازم، سوشل ازم اور سودی سرمایہ دارانہ نظام کے بتوں کو توڑ کر ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے ،پاکستان کو اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا مگر گزشتہ 75برس سے آدھا تیتر اور آدھا بٹیر والی صورت حال ہے،قومی ڈائیلاگ، انتخابی اصلاحات اور آئین و قانون کی بالادستی کے ساتھ اسلام کا بابرکت نظام ہی مسائل کا واحد حل ہے۔