اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیر اعظم نواز شریف 21 سے 23 مئی تک سعودی عرب میں ہونے والے سہہ فریقی(امریکہ، عرب اور اسلامی ممالک) سمٹ میں شرکت کریں گے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی شاہ سلمان کے علاوہ 55 ممالک کے سربراہان مملکت کو اس سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی درالحکومت میں اس سمٹ میں شریک ہونے والے ممالک دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے حوالے سے مذاکرات کریں گے۔ اس سمٹ کا مقصد دہشتگردی کو رنگ، نسل، مذہب اور خطے سے جوڑنے کے تاثر کو زائل کرنا ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف بھی اس سمٹ سے خطاب کریں گے جس میں وہ اسلام کے محبت کے پیغام، رواداری اور اتحاد کے پیغام پر گفتگو کریں گے۔وہ اپنے خطاب کے دوران پاکستان کی دہشتگردی و انتہا پسندی کے خلاف دی جانے والی قربانیوں اور ان کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابی پر بھی اظہار خیال کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نواز شریف عالمی لیڈرز کے ہمراہ انتہا پسندی کے خلاف قائم کیے جانے والے ورلڈ سنٹر کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔