پشین:
تیسرے یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے سٹی کوالیفائرز اور ایلیمنیٹرز مراحل جاری ہیں۔ اس ضمن میں پشین شہر میں مقابلہ اختتام پذیر ہوا جہاں افغان فٹبال کلب (ایف سی) نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے سپر8 مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ۔ سپر 8مرحلہ کوئٹہ کے مالی باغ اسٹیڈ یم میں 25 مارچ سے شروع ہوگا جہاں سیمی فائنلز 27 مارچ اور فائنل 28 مارچ کو منعقد ہوں گے۔ پشین میں تاج لالہ فٹبال گراؤنڈ میں ایلیمنیٹر راؤنڈ کھیلا گیا جس میں افغان ایف سی نے فیض آباد ایف سی کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔
میچ کا واحد گول افغان ایف سی کے نجیب اللہ نے کھیل کے 18 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ فیض آباد ایف سی نے میچ برابر کرنے کی سرتوڑ کوشش کی اور افغان ایف سی کے گول پوسٹ پر متعدد بار حملے کئے تاہم وہ حریف ٹیم کی مضبوط دفاعی لائن کو توڑنے میں ناکام رہے۔ اب تک 6 ٹیمیں بشمول افغان ایف نے اگلے مرحلے میں اپنی جگہ بنالی ہے جن میں افغان ایف سی کے ساتھ دیگر ٹیموں میں جلاوان ایف سی خضدار، گوادر پورٹ ایف سی، پنجگور ایف سی، باچا خان ایف سی لورالائی اور شہید بالاچ ایف سی نوشکی بھی شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیلی کام کمپنی یوفون کی جانب سے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ بلوچستان کے عوام کے پسندیدہ کھیل فٹبال کو فروغ دیا جائے اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں پیش کرکے انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے اسٹار کھلاڑی اور یوفون کے برانڈ ایمبسڈر فضل محمد اور ریاض خان نوجوان کھلاڑیوں کو رہنمائی فراہم کر رہے ہیں ۔ پچھلے دو ٹورنامنٹس کی شاندار کامیابی کے تناظر میں اس بار یہ ٹورنامنٹ مزید بڑے پیمانے پر کھیلا جارہا ہے جس میں بلوچستان کے آٹھ شہروں سے تعلق رکھنے والی 48 ٹیموں کے 720 نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
خبر: کوئٹہ انڈکس/ مطیع اللہ