اسلام آباد
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سائبر حملوں سے بچنے کیلئے سیکو رٹی سسٹم کو مضبوط بناناہو گا تا کہ ڈیٹا کی مکمل حفا ظت کی جا سکے۔ ملک کے دفاع، توانائی اور مالیاتی ڈھانچے کی مضبو طی کیلئے مقامی افرادکوپیشہ ور انہ تر بیت دینی ہو گی ۔ سائبر سیکورٹی میں مضبوط صلاحیت کا حصول دفاعی اور جارحانہ دونوں حکمت عملیوں کیلئے اہم ہے کیونکہ دنیا تیزی سے تکنیکی جدت کی طرف جا رہی ہے۔انہو ں نے ٹیکنالوجی فرموں اور R&D تنظیموں کیساتھ تعاون پر زور دیا کہ وہ قومی ڈیٹا کی حفاظت کیلئے سائبر سیکورٹی میں صلاحیتیں پیدا کریں۔
ان خیالا ت کااظہار انہو ں نے سائبر وارفیئر اور سیکورٹی کی دوسری سالانہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صدر علوی نے کہا کہ محفوظ اور مضبوط ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کا قومی وژن ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کی طرف لے جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سائبر سیکورٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے پاکستان کو ایسے گریجویٹس، وسائل پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے جو سائبر سیکورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل ہوں۔اس موقع پر چیف سیکورٹی آفیسرہو اوے وانگ وین لونگ نے کہا کہ ہواوے نے سائبر سیکورٹی اور صارف کی رازداری کے تحفظ کو اولین ترجیح سمجھا ہے ۔ہر سال ہو اوے مصنوعات کے ڈیزائن، ترقی اور ترسیل کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے 20 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرتا ہے اور 170ممالک میں ایک جامع عالمی سیکورٹی نظام کے ساتھ ایک کوآپریٹو ڈیجیٹل ایکو سسٹم بنا رہا ہے۔
ہو اوے کا سیکورٹی میں ٹھوس ٹریک ریکارڈ ہے اور ایک جامع عالمی سائبر سیکورٹی انشورنس سسٹم ہے۔ ہم ایک کھلے، شفاف اور باہمی تعاون پر مبنی ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تعمیر پر یقین رکھتے ہیں ۔ افتتاح کے بعد صدر نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے ہمراہ صنعتی نمائش کا دورہ کیا اور سائبر فرانزک ٹول کٹس، محفوظ مواصلاتی فریم ورک، سینسر کے ذریعے ریموٹ مانیٹرنگ اور انٹرنیٹ سیکورٹی سمیت مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ تقر یب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ، پی اے ایف کے ڈائریکٹر جنرل C4Iایئر وائس مارشل عباس گھمن، ڈائریکٹر نیشنل سینٹر فار سائبر سیکورٹی (NCCS)ڈاکٹر کاشف کفایت، وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی ایئر مارشل (ر)جاوید احمد، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ سہیل، سی ای او ہواوے پاکستان مارک مینگ، چیف سیکورٹی آفیسر ہواوے پاکستان وانگ وین لونگ نے افتتاحی سیشن میں شرکت کی۔نیشنل سینٹر آف سائبر سیکیورٹی، ایئر یونیورسٹی کے زیر اہتمام دو روزہ تقریب میں سائبر سیکورٹی کو مضبوط بنانے اور جدید خطرات کو بے اثر کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔